( قیصر کھوکھر ) صوبائی حکومت اورمختلف بینکوں کے درمیان سو ارب روپے کی بریج فنانسنگ کا معاہدہ طے پاگیا، تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تھرمل پرائیویٹ کمپنی لمٹیڈ اور بینکوں کے درمیان سوارب روپے کے بریج فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کے موقع پر وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے وزیرخزانہ، سیکرٹری خزانہ، وزیر توانائی اور سیکرٹری توانائی کو دن رات کام کرنے اورپاور منصوبوں پربہترین کارکردگی دکھانے پر سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھرمل پاور کے منصوبے تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں، ان منصوبوں سے سالانہ 10 ارب یونٹس بجلی حاصل کی جائے گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ تریموں پراجیکٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، صارفین کو سستی بجلی ملے گی، روپے میں ادائیگی ہونے سے زرمبادلہ بھی بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب توانائی کے متبادل ذرائع پر کام کررہی ہے۔ سرکاری اداروں کو سولر پر منتقل کررہے ہیں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں، عوام کے مسائل حل کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان کے حوالے سے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ سیکرٹری انرجی عامر جان اور وزیر توانائی نے بھی خطاب کیا اور محکمے کی کارکردگی پیش کی۔