(درنایاب) لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی، کماہاں سے اڈہ پلاٹ رائیونڈ تک 22.4 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب 22 دسمبر کو کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کماہاں سے فیروز پور روڈ تک سدرن لوپ ون جبکہ فیروز پور روڈ سے رائیونڈ تک سدرن لوپ پر 13 ماہ قبل کام شروع کیا گیا۔ رنگ روڈ پر چھ انٹرچینج، چودہ وہیکلر سب وے، تین پیڈیسٹرین برج، 11 بڑے برج اور 14 چھوٹے برج شامل ہیں۔ سدرن لوپ پر مضبوط ڈرینج سسٹم بھی بنایا گیا ہے جبکہ آٹو میٹیڈ ٹول سسٹم نصب کیا جارہا ہے۔ رنگ روڈ اتھارٹی اور ایف ڈبلیو او کنٹریکٹ کے مطابق وقت پر رنگ روڈ کو مکمل کر رہی ہے۔ سدرن لوپ پر فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ 22 دسمبر کو لیک سٹی اور فضائیہ کے سنگم پر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کریں گے جس کے بعد رنگ روڈ شہریوں کے لئے کھول دی جائے گی۔ کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل نے گزشتہ روز سدرن لوپ کا دورہ کیا اور کماہاں سے اڈہ پلاٹ تک رنگ روڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اڈہ پلاٹ پر جاری فنشنگ اور ہارٹیکلچر کاموں کا معائنہ کیا۔
کمشنر عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ رنگ روڈ کو13 ماہ کے انتہائی کم وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔ یہ میگا کنسٹرکشن کا حامل مشکل منصوبہ تھا جس پر دن رات محنت گئی اس پر کام کرنے والے پوری ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔ سدرن لوپ میں مصنوعی جنگل، آکسیجن پاکٹ، آٹومیشن ٹول کلیکشن جیسے اہم فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ رنگ روڈ ایس ایل ون اور ٹو سوئی گیس سوسائٹی، آشیانہ قائد، ڈی ایچ اے فیز نائن، فضائیہ، لیک سٹی، خیابان امین، واپڈا ٹاﺅن، ویلنشیا سمیت دیگر رہائشی سکیموں کو رسائی بھی دے گی۔