ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اندرون لاہور کے تاریخی ورثے کا تحفظ، سرکاری حویلیاں والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ

اندرون لاہور کے تاریخی ورثے کا تحفظ، سرکاری حویلیاں والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد:اندرون لاہور کے تاریخی ورثے کے تحفظ، بحالی اور مؤثر استعمال کے لیے حکومت نے سرکاری حویلیوں اور دیگر تاریخی جائیدادوں کو والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں بکھری تاریخی جائیدادوں کو ایک ادارے کے انتظام میں لایا جائے گا، جس سے ان عمارات کی بہتر دیکھ بھال، مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

والڈ سٹی اتھارٹی تاریخی عمارات کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں سیاحتی مقامات کے طور پر بھی ترقی دے گی۔ اس اقدام کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اندرون لاہور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت سے روشناس کرانا اور سیاحت کے فروغ کے لیے ان عمارات کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے۔

حکومت کے مطابق مناسب تاریخی عمارات کو ثقافتی، ادبی اور فنونِ لطیفہ کی سرگرمیوں کے لیے بھی مختص کیا جا سکے گا، جبکہ غیر استعمال شدہ یا کم استعمال ہونے والی سرکاری جائیدادوں کو فعال اور مفید بنایا جائے گا۔

اس فیصلے سے نہ صرف لاہور کے تاریخی ورثے کے تحفظ میں مدد ملے گی بلکہ سرکاری اثاثوں کے مؤثر استعمال، ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور سیاحتی مواقع میں اضافے کی بھی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاریخی حویلیوں اور عمارات کی بحالی کے ذریعے اندرون لاہور کی تاریخی شناخت کو مزید اجاگر کیا جائے گا اور شہر کے قدیم ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔