جنید ریاض : لاہور بورڈ کے تحت نویں جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے، پہلے روز 5 مضامین کا امتحان لیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان مضامین میں معاشیات، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ، ماحولیاتی مطالعہ، ٹیک اور فزیکل ہائی جین شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار 575 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں ایک لاکھ 52 ہزار 273 طالبات اور ایک لاکھ 35 ہزار طلبہ شامل ہیں، جبکہ ایک لاکھ 84 ہزار ریگولر اور ایک لاکھ 3 ہزار پرائیویٹ امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
مزید برآں، امتحانات کے لیے 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی سنٹر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ 26 حساس امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔