لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے خوشخبری

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اکمل سومرو ) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی الیکٹریکل انجینئرنگ ڈگری پانچ سال بعد منظور، پاکستان انجینئرنگ کونسل نے طالبات کو ڈگریاں جاری کرنے کی اجازت دے دی۔

لاہور کالج کی سیشن 2014 سے 2016ء تک تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو ڈگریاں جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے مطلوبہ سٹاف کی بھرتی اور لیبارٹریز کو اپ گریڈ کرلیا ہے۔

وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ فیکلٹی، لیب انجینئرز، لیب سپروائزر اور لیب ایکوپمنٹ کی کمی کی وجہ سے طالبات کا مستقبل پچھلے دو سالوں سے داؤ پر تھا۔

یادرہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رجسٹریشن نمبر کے بغیر طلبہ اپنے فیلڈ کی کسی پیشہ ورانہ ملازمت کے لئے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوتے۔

دوسری جانب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے ملازمین کو تنخواہ اور پینشن 23 اپریل تک جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ وائس چانسلر نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے اور کورونا وائرس کے باعث صورتحال کے تناظر میں ہدایات جاری کیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل سے یونیورسٹی کے لوئر گریڈ ملازمین اور پنشنرز کو روزمرہ استعمال کی اشیاء با آسانی خریدنے میں سہولت ملے گی۔

وی سی پی یو نے کہا کہ یونیورسٹی کے اپر گریڈ ملازمین جو ملکی حالات کے پیش نظر مستحقین کی مدد کر رہے ہیں، ان کو بھی سہولت ملے گی۔ وہ رمضان سے قبل دوسروں کی مدد کر سکیں گے۔ پروفیسر نیازاحمد کا مزید کہنا تھا کہ یہ آزمائش کا وقت ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔