ویب ڈیسک : ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہےجس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 700 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 91 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 35 ہزار 219 روپے مقرر ہوئی ہے۔
یہ اضافہ ایک روز کے وقفے کے بعد سامنے آیا ہےکیونکہ گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی اور استحکام رہا تھا۔ تاہم گزشتہ ہفتے کاروبار کے آخری دن سونا 200 روپے سستا ہوا تھا جبکہ اس سے ایک دن قبل سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، روپے کی قدر میں کمی اور معاشی غیریقینی کی صورتحال کے باعث مقامی مارکیٹ میں قیمتیں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔