( فہد علی ) غربت اور گھریلو تشدد کے باعث حوا کی بیٹیاں ظلم کی بھینٹ چڑھنے لگیں، خواتین پر بڑھتے تشدد کے واقعات تھم نہ سکے، شک کی بنیاد پرخاوند نے چھ بچوں کی ماں کی ناک کاٹ ڈالی۔
پولیس کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود پنجاب سوسائٹی کی رہائشی پینتالیس سالہ شازیہ کی اپنے خاوند سے پیسوں کے معاملے پر بحث ہوئی جس پر خاوند سجاد نے اپنی بیوی پر الزام عائد کیا کہ اس کے غیر مرد کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ جس پر خاوند نے طیش میں آکر شازیہ کے بال کاٹ دیے اور پھر تیز دھار آلے سے اس کی ناک بھی کاٹ دی۔
شازیہ کے شور مچانے پر محلہ دار اکٹھے ہو گئے اور ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے بروقت پہنچ کر شازیہ کو جنرل ہسپتال منتقل کیا جہاں اسکا علاج معالجہ جاری ہے۔
شازیہ کے ورثا کی جانب سے تھانہ فیکٹری ایریا میں خاوند سجاد کے خلاف درخواست دے دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔