ڈینگی میں اضافہ، الرٹ جاری

ڈینگی میں اضافہ، الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( بسام سلطان ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبہ بھر میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام محکمہ جات کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کابینہ اجلاس برائے انسداد ڈینگی مہم کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن جعفری، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن صالح سعید ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز اور ڈی سی حضرات نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں محکمہ پولیس، تعلقات عامہ، سول ایوی ایشن، لائیو سٹاک، پی ایچ اے، ڈی ایچ اے، ریسکیو1122، سپیشل برانچ، ہائرایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ودیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس نے صوبائی وزیر صحت کو مختلف محکمہ جات کی انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ مشتبہ مریضوں کے سرویلنس میں ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تقریباً 9 ہزار ڈینگی لارواء برآمد کئے گئے ہیں۔ عوام ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ کمشنرز اور ڈی سی حضرات انسداد ڈینگی مہم کے اعدادوشمار کے حوالے سے ڈیش بورڈ کو خود مانیٹر کریں۔

وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ ہاٹ سپاٹس کی زیادہ سے زیادہ نشاندہی کرکے ڈینگی لارواء کی تلفی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی ایگ کی سفارشات کے مطابق ایس اوپیز پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔