بسام سلطان: لاہور میں ڈینگی کے وار جاری، ایک اور فرد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے چار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 4 کنفرم کیسز سامنے آئے، ترجمان کے مطابق ڈینگی وائرس کا1 مریض لاہور،1گوجرانوالہ،1راجن پور اور ایک سیا لکوٹ سے رپورٹ ہوا۔جنوری 2020 سے اب تک کل 109 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
صوبہ بھر میں 8 مریض زیر علاج،101صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، صوبہ بھر میں رواں سال ڈینگی سے کوئی قیمتی جان ضائع نہیں ہوئی، 24 گھنٹوں کے دوران 709 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ ہونے والے 709مشتبہ مریضوں کو سرویلنس میں رکھ کر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں کورونا سے 2 اموات، 69نئےمریض سامنےآگئے، پنجاب میں کوروناکے 130نئے کیس رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 1 لاکھ 1ہزار 301ہوگئی اب تک 1419284ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 97002 ہو چکی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیوایچ او) نے بتایا کہ اس کے انتہائی محتاط اندازے کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے، یہ تعداد موجودہ مصدقہ کیسز کی تعداد سے بیس گنا زیادہ ہے۔ اب تک ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد کوویڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ10 لاکھ سے زائد افراد وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔