کورونا کے وار تیز، لاہور ایئر پورٹ جانے والے ہوجائیں ہوشیار

کورونا کے وار تیز، لاہور ایئر پورٹ جانے والے ہوجائیں ہوشیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( نبیل ملک ) لاہور ایئرپورٹ پر کورونا کے وار ایک مرتبہ پھر سے تیز ہوگئے، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹرعامر ملک دوسری بار کورونا کا شکار ہوگئے، ساتھی ملازمین کے بھی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

محکمہ سول ایوی ایشن کی تمام تراحتیاطی تدابیر رائیگاں، ایئرپورٹ پر ایک مرتبہ پھر سے کورونا وائرس پھیلنے لگا۔ محکمہ سول ایوی ایشن کے سینئر ڈپٹی ڈائریکٹرعامرملک دوسری لہر میں پھر سے کورونا کا شکارہوگئے، اس سے پہلے بھی عامر ملک کورونا وائرس کا شکار رہے اور قرنطینہ کے بعد ڈیوٹی پر واپس آئے۔ کورونا کا شکار ہونے والے عامر ملک نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر ملک کے ساتھ دیگر ملازمین اور افسران کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ کورونا کے مزید ممکنہ مریضوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29 ہزار 511 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2 ہزار 128 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 19 افراد انتقال کرگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.2 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 59 ہزار 32 تک جا پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 599 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔