(رضوان نقوی)غیر قانونی کمرشل مارکیٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی احسن رضا خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ محکمہ انٹی کرپشن پنجاب نے انہیں خیبرپختون خوا کے ضلع مردان سے حراست میں لیا جہاں وہ گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش تھے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے احسن رضا خان کو مردان سے گرفتار کر لیا گیا،چونیاں سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے احسن رضا خان اینٹی کرپشن کو دو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔اینٹی کرپشن پنجاب حکام کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے تھے ۔ملزم پرچہ درج ہونے کے بعد خیبرپختونخواہ میں مقیم ہوگیا تھا ۔ملزم کو جیو فینسنگ کرکے اینٹی کرپشن کی ٹیم نے رشکئی انٹرچینج مردان پر پیچھا کرکے گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہناتھا کہ سرکل آفیسر اٹک سعید خان ،سرکل آفیسر قصور اعظم منہاس اور پولیس کی خصوصی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا۔ملزم احسن رضا خان اینٹی کرپشن کی ٹیم کو دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر بھاگ نکلا لیکن پکڑا گیا۔ احسن رضا خان نے میونسپل کارپوریشن چونیاں کی انتظامیہ سے ملی بھگت کر کے غیر قانونی کمرشل مارکیٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی ہوئی تھی۔ڈی سی قصور نے احسن رضا خان کے خلاف ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔
ملزم نے گورنمنٹ ہسپتال کنگن پور کی ایک ایکڑ زمین پر کمرشل مارکیٹ اور دکانیں تعمیر کیں تھی۔ملزم نے خاندان کے افراد کے ساتھ ملکر الجنت ٹاؤن کے نام سے ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی ہوئی تھی۔ملزم کی ملکیت ہاؤسنگ سوسائٹی اور کمرشل مارکیٹ کسی بھی متعلقہ سرکاری ادارے سے منظور شدہ نہیں۔
علاوہ ازیں سوسائٹی اور کمرشل مارکیٹ کا بلڈنگ پلان، نقشہ اور سائٹ پلان کچھ بھی متعلقہ اداروں سے منظور شدہ نہیں۔ملزم نے سرکاری ٹیکس اور فیس ادا کئے بغیر غیر قانونی طور پر مارکیٹ اور سوسائٹی بنائی۔