سعید وقاص: منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری اور اہم انکشافات کے بعد لاہور پولیس نے شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کو بھی بڑے ڈرگ ڈیلرز اور سپلائرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کی تحویل میں موجود ملزمہ انمول عرف پنکی کے انکشافات کے بعد لاہور پولیس دباؤ کا شکار ہے جبکہ ان انکشافات سے بعض منشیات فروشوں کے پولیس سے مبینہ رابطوں کا تاثر بھی سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر کارروائی کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔