عرفان ملک: مسلم ٹاؤن پل کے قریب کٹی ڈور پھرنے سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا جبکہ تمام ایس ایچ اوز کو پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے احکامات جاری کردئیے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابوبکر نامی نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک کٹی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی، جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق تمام ایس ایچ اوز کو پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ علاقوں میں درختوں، چھتوں اور بجلی کے کھمبوں پر لٹکتی ڈور فوری ہٹانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس رواں سال اب تک پتنگ بازی کے خلاف کارروائیوں میں 4 ہزار 185 ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ پتنگ بازوں سے 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد پتنگیں اور 44 ہزار سے زائد چرخیاں برآمد کی جا چکی ہیں۔