عثمان خادم: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں مویشی منڈیاں آباد ہونا شروع ہوگئی ہیں، جبکہ شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔
مویشی منڈی میں بکرے، دنبے، چھترے، کٹے، بیل اور اونٹ لائے جا رہے ہیں، جبکہ ملک بھر سے بیوپاری اپنے جانوروں کے ہمراہ منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق 75 ایکڑ پر محیط مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے بڑے شیڈز قائم کئے گئے ہیں۔ جانوروں کیلئے پانی، چارے اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
منڈی میں خاص طور پر راجن پوری نسل کے خوبصورت سفید بکروں کی دھوم دیکھنے میں آ رہی ہے، جن کی قیمت 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے تک طلب کی جا رہی ہے۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق ٹرانسپورٹ کرایوں اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث جانور مہنگے فروخت کرنا پڑ رہے ہیں۔
بیوپاریوں نے بتایا کہ بکروں اور چھتروں کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 10 سے 20 ہزار روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم شہریوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانور خریدنے کیلئے منڈی کا رخ کر رہی ہے۔