عابد چودھری:سی ٹی او لاہور سید عبد الرحیم شیرازی نے بحریہ ٹاؤن میں قائم لائسنسنگ سینٹر اور ڈرائیونگ سکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف مراحل اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سی ٹی او لاہور نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات، عملے کے رویے اور ٹیسٹنگ کے عمل کے بارے میں استفسار کیا۔
اس موقع پر عبد الرحیم شیرازی نے کرپشن کے خلاف دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معطلی کے بجائے بدعنوان اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لائسنسنگ سنٹرز میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ کرپشن، بدعنوانی، غفلت اور کام میں سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے تمام ڈرائیونگ سنٹرز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
مزید برآں، سی ٹی او لاہور نے حکم دیا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے آنے والے تمام شہریوں کی ٹیسٹنگ ویڈیوز محفوظ رکھی جائیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر عبد الرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک افسران شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔