(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بھارتی ساحل سے ٹکرانے والے سمندری طوفان "توکتے" کے پاکستانی ساحل سے ٹکرانے کا خطرہ ٹل گیا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب مشرق میں 1210 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہو کر گزرے گا، طوفان دور ہونے کی وجہ سے کراچی میں بارش کا خطرہ کم ہو گیا تاہم گرم ہواؤں کے باعث لو کی صورتحال رہے گی، شہر میں 25 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان اگلے چند گھنٹوں میں شدید ترین سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور اور اس کا رُخ بتدریج شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب رہے گا ۔
سمندری طوفان کے تیور بتارہے ہیں کہ سندھ کے متعدد اضلاع میں 17 سے 20 مئی تک 70 سے 90 کلو میٹر کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ تیز آندھی اوربارش کا امکان ہے، جب کہ چند روز کے دوران کراچی سمیت سندھ میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں، توکتے‘ انتہائی شدت کے طوفان کی شکل اختیار کرسکتا ہے ۔