جیل روڈ (راہد چودھری) 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کر گئے، 62 روز میں 88 شہری جاں بحق ہوچکے ۔168 نئے پازیٹو کیسز سے مریضوں کی تعداد 6ہزار 808 ہو گئی۔ پنجاب میں مجموعی طور پر پازیٹو کیسز 13ہزار 914 تک پہنچ گئی۔ 234 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔اب تک 4 ہزار 720 کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 356 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13914 ہو گئی۔ شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 168 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک 234 اموات جبکہ 4720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اب تک 151،247 کوروناٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنے شہریوں سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کیسز اور اموات میں اضافے کے باعث لاہور میں لاک ڈاؤن سخت کردیا، شہر میں آج سے تین روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، تمام بڑی مارکیٹیں، دکانیں اور نجی دفاتر بند رہیں گے، گراسری، جنرل سٹور، کریانہ سٹور، بیکری، آٹا چکی اور ملک شاپ شام 5 بجے تک کھلیں گی۔
کورونا وائرس کے بھونچال سے ایک اچھی خبر بھی سننے میں آئی ہے ، شہر کے ہسپتالوں میں داخل 98 فیصد کورونا مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، صرف ڈیڑھ فیصد کی حالت کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے، شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں سے 1.5 فیصد کو ہی انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑ رہی ہے اور وینٹی لیٹر پر شفٹ ہونے والوں کی تعداد نصف فیصد یا اس سے کم رہ گئی ہے۔