عابد چودھری:لیاقت آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی جبکہ اسلحہ اور منشیات کا ایک ڈیلر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر ڈونگی گراؤنڈ دھلے فلیٹس کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم آن لائن آرڈر پر ناجائز اسلحہ اور منشیات مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 ناجائز پستول، ایک رائفل، ایک پمپ ایکشن، گولیاں، 3 موبائل فون اور شراب بھی برآمد کر لی۔
اس کے علاوہ ملزم سے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس، 500 گرام آئس، 170 گرام افیون اور 160 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کے مطابق گرفتار ملزم اسلم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔