پی پی ن لیگ تنازع ختم; زرداری نے مریم سے معذرت کر لی

پی پی ن لیگ تنازع ختم; زرداری نے مریم سے معذرت کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے معذرت کر لی۔

 ذرائع کے مطابق صابق صدر آصف علی  زرداری نے کہا کہ میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا،جس پر مریم نواز نے کہا  کہ میں نے آصفہ اور بختاور کی طرح آپ سے گلہ کیا تھا، اس بات کو اب یہاں ہی ختم کردیں۔

 واضح رہے کہ سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا،میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں۔ نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ، انہیں وطن واپس آنا ہوگا۔

 آصف زرداری نے کہا کہ میں جنگ کے لئے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے، میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں،آپ کی موجودگی ضروری ہے،ایسے فیصلے نہ کئے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا ہے۔میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ، ہمیں لانگ مارچ کی ایسی منصوبہ بندی کرنا ہوگی کہ جیسے 1986 اور 2007 میں شہید بی بی کی آمد پر کی تھی، جب شہید بی بی وطن آئیں تو ہم نے پورے ملک کو موبلائز کیا تھا۔

انہوں نے کہااستعفے دے کر اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے،ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا، پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے، ہم پہاڑوں پر سے نہیں بلکہ پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں،نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ ہم نے سینٹ الیکشن لڑا مگر سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے،میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

زرداری کے خطاب کے جواب میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہی ا جلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں نواز شریف کے حوالے سے آپ نے جو باتیں کیں مجھے دکھ ہوا ہے ۔

  مریم نواز نے کہا کہ میرے والد نے میرے سامنے ساتھ نیب کی 150 پیشیاں پاکستان میں بھگتی ہیں، مجھے والد کے سامنے گرفتار کیا گیا۔ میاں صاحب میری والدہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان آئے تھے اور مقدمات کا سامنا کیا ۔ کیسز کی جو حقیقت ہے وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہامیں اپنی مرضی سے یہاں ہوں، خود کو آپ کی بیٹی جیسی سمجھتی ہوں اس لئے آپ سے گلہ کرنا اپنا حق سمجھا۔انہوں نے کہاجیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ والد کو جیل میں دو بار ہارٹ اٹیک ہوا، عمران نیازی نیب کو سیاستدانوں کیخلاف استعمال کر رہا ہے اس لئے میاں صاحب کو نیب جیل میں جان کا خطرہ ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer