راو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کر دیے جبکہ کابینہ نے بجٹ کی باضابطہ منظوری دے دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ مالی مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود پوری کوشش کی گئی کہ عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کیا جائے اور بجٹ کو عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور بجٹ کی تیاری میں شامل پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں اور متعلقہ ٹیموں نے ایک یونٹ بن کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کیا۔ وفاق کو حصہ دینے کے باعث مالی دباؤ ضرور رہا، تاہم اس کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو صوبائی آمدن میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ امید اور ترقی کا بجٹ ہے، جس کے ذریعے صوبے کے اپنے وسائل سے عوام کو سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔