ویب ڈیسک : فیفا ورلڈ کپ 2026میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے اور تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے وطن ناروے لوٹنے والےہیرو سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ اور ان کے ساتھیوں کا دارالحکومت اوسلو میں ہزاروں لوگوں اور اور شاہی خاندان کے اہم ارکان نے ہیروز جیسا شاندار استقبال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں ناروے نے اپنی تاریخ میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جہاں اس نے راؤنڈ آف16میں پانچ بار کے چیمپئن برازیل کو شکست دی، تاہم انگلینڈ سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ اسٹار اسٹرائیکر ہالینڈ نے ناروے کی 28 سال میں پہلی ورلڈ کپ مہم میں سات گول کر کے اپنی عالمی شہرت کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔ٹیم کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں کھلاڑیوں اور عملے کو اپنے طیارے کی کھڑکیوں کے پاس جمع ہو کر ناروے کے ان فوجی جیٹ طیاروں کو دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو انہیں واپس اوسلو لا رہے تھے، جہاں ایک شاہی استقبالیہ تقریب ان کی منتظر تھی۔
Borte bra, hjemme best ❤️???????? pic.twitter.com/VVhJTi6YVM
— Fotballandslaget (@nff_landslag) July 13, 2026
ناروے کی ٹیم کا طیارہ ائیرپورٹ پر لینڈ کیا اور جب سٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ جہاز سے باہر نکلے تو لوگوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی، وہ سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے ایک خالی بوتل پکڑے ہوئے ایک مصنوعی ریکون کو ساتھ لے جا رہے تھے۔ ملک کے شاہی خاندان کے اہم ارکان بھی ہزاروں ناروے کے حامیوں کے ساتھ اس روایتی ’’وائکنگ رو‘‘ میں شامل ہوئے، جو ٹورنامنٹ کے دوران مشہور ہواتھا۔کراؤن پرنس ہاکون نے اسی انداز میں ڈھول بجا کر اس تقریب کی قیادت کی۔ اس جشن میں کھلی چھت والی بسوں کی پریڈ بھی شامل تھی، جس میں کھلاڑیوں اور مداحوں نے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا، جو ناروے فٹ بال کی تاریخ میں ہمیشہ کیلئے درج ہو جائیگا۔