زاہد چودھری:سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکولیگل کیسز کی رپورٹنگ آن لائن نہ ہونے کا معاملہ ایک بار پھر زیر غور آیا، جس پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری آپریشنز نبیلہ عرفان، ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر ریحان، ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر رانا خرم، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر حافظ معین، ایم ایس میاں منشی ہسپتال ڈاکٹر مامون اکبر قریشی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس اور رپورٹس کے اجرا کے عمل کو فوری طور پر آن لائن کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس صاحبان اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کریں اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود نے واضح کیا کہ میڈیکولیگل کی دستی (مینوئل) رپورٹس کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، اور تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے جلد اقدامات مکمل کیے جائیں۔