اویس کیانی : وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ملاقات , اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ملاقات کی، بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن کی سربراہی میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ و ٹیکنالوجی کی تربیت کے لئے بیجنگ بھجوانے کا فیصلہ ہوا۔
اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورسز کریں گے، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ میں پولیسنگ نظام کی بہتری کیلئے آرٹیفشل انٹیلیجنس کی بھی ٹریننگ لیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں جدید تربیت سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا،اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹس ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بیجنگ پولیس ایک انتہائی فعال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے،امن عامہ اور جرائم کی سرکوبی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا،بیجنگ پولیس کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو اینٹی رائٹ میں بھی تربیت فراہم کرنے کا خیر مقدم کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی،منظم جرائم، منشیات اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے معلومات کا بروقت تبادلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے پر بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کا شکریہ اداکیا۔
وفد میں چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی یو ہانگ اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز ہی ژن، فینگ وی اور ہو جمن شامل تھے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آبادپولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے