لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر میں پیش آنے والے دو افسوسناک حادثات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔
وزیراعلیٰ نے دونوں سانحات پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا.
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلسل بارش کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں ایک مکان کی خستہ حال چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں اور ملبے سے پانچ لاشوں کو نکالا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور دھاتی اشیاء کو چھونے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن امدادی سہولیات فراہم کی جائیں اور حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔