شہر میں شدید ٹریفک جام، سڑکیں بند

شہر میں شدید ٹریفک جام، سڑکیں بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عثمان الیاس ) شہر لاہور میں بارش کے بعد چوبرجی اور گردونواح کا علاقہ زیر آب آگیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، شہری کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے۔

لاہور میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس کے باعث باغوں کے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے مزید بارشوں کا امکان ہے، سب سے زیادہ بارش سمن آباد میں 54 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ 34 ملی میٹر، لکشمی چوک 40 ملی میٹر، اندرون شہر 39 ملی میٹر، گلشن راوی 47 اور سب سے کم بارش ائیر پورٹ کے علاقے میں 9 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، شہر کا کاروباری حب پانی میں ڈوب گیا۔

شہر لاہور میں موسلا دھاربارش کے بعد شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگ گئیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے چوبرجی چوک ، شام نگر، ایم اے او کالج اور گردونواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنے سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا رہے جبکہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو گیا۔

ٹریفک جام اور سڑکوں پر پانی سے تنگ عوام شدید مشکلات سے دوچار رہی اور کہا کہ مون سون کی پہلی بارش سے شہر کا یہ حال آگے اللہ ہی حافظ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ دیر کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ اگر معاملات ایسے ہی رہے تو برسات میں شہریوں کا گھروں سے نکلنا ہی عذاب بن جائے گا۔