ریلوے حکام کا 517پھاٹک بند کرنے کا فیصلہ

ریلوے حکام کا 517پھاٹک بند کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) ریلوے حکام کا لاہور ڈویژن میں موجود 517 اَن مینڈ لیول کراسنگ بند کرنے کا فیصلہ، ڈی ایس ریلوے لاہور عامر نثار کا چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا، پنجاب حکومت سے اَن مینڈ لیول کراسنگ کی سروے کے بعد تبدیلی اور اخراجات کے حوالے سے فہرست مانگ لی۔

ریلوے حکام نے لاہورڈویژن میں موجود ایسے 517 پھاٹک جن پر کوئی آدمی تعینات نہیں ان کو بند کرنے فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی ایس ریلوے لاہور عامر نثار نے چیف سیکرٹری کو خط لکھا ہے۔ خط کے مطابق پچھلے چند سال سے ان مینڈ لیول کراسنگ پر حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ حادثات سے قیمتی جانوں کے ضیاع کیساتھ پاکستان ریلوے کی ساکھ متاثر ہوئی۔

حال ہی میں شیخوپورہ ان مینڈ لیول کراسنگ پر حادثے سے 20 سے زائد سکھ یاتری ہلاک ہوئے۔ یہ حادثہ ان مینڈ لیول کراسنگ پر پیش آیا جبکہ موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت ان مینڈ لیول کراسنگ پر حادثات کی ذمہ داری گزرنے والے پر ہوتی ہے۔

عامر نثار کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن کی حدود میں 517 ان مینڈ لیول کراسنگ ہیں۔ پنجاب حکومت ان مینڈ کراسنگ لیول کا سروے کرائے۔ راہگیروں کی بہتات کو دیکھتے ہوئے پھاٹکوں کی بحالی کا فیصلہ کرکے آگاہ کیا جائے ۔پنجاب حکومت کی جانب سے اجازت یافتہ ان مینڈ لیول کراسنگ کو مینڈ لیول کراسنگ میں تبدیل کیا جائے گا۔ باقی تمام ان مینڈ لیول کراسنگ کو فوری بند کر دیا جائے گا۔