سٹی 42: ٹریفک وارڈنز کو چالان ٹارگٹ کے معاملے پر ٹریفک پولیس کا موقف سامنے آگیا۔
سی ٹی او راولپنڈی نے کہا ٹریفک پولیس کے کسی آفیسر و اہلکار کو کسی قسم کا چالان ٹارگٹ نہیں دیا جاتا،چالان صرف ٹریفک کیخلاف ورزیوں پر کیے جاتے ہیں،کسی بھی پوائنٹ پر ٹریفک وائلیشن کنٹرول کرنا متعلقہ آفیسر کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ڈیوٹی کے دوران غفلت و لاپرواہی پر متعلقہ آفیسر کو محکمانہ سزا دی جاتی ہے۔اچھی ڈیوٹی کرنیوالوں کو انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔
گزشتہ 45یوم کے دوران1ہزار23جوانوں کو سر ٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔ دوران ڈیوٹی عدم دلچسپی پر اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر214وارڈنز کو سزا دی گئی۔
کرپشن ثابت ہونے پر3اہلکاروں کو نوکری سے برخاست بھی کیا گیا۔ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کیلئے دفاتر سے100 اہلکاروں کو فیلڈ میں تعینات کیا گیا۔ہمارا مقصد شہر میں بلارکاوٹ ٹریفک کی روانی اور لاءا نفورسمنٹ ہے۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے افسران و جوان صرف قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل ایک ٹریفک وارڈن نے سی ٹی او سمیت اپنے انچارج وغیرہ کو قانونی نوٹس بھیجا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ روزانہ 15 چالان کرنے کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے ۔اگر ٹارگٹ پورا نہ ہو محکمہ سزا اور جرمانہ دیتا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک وارڈنز ذہنی اذیت کا شکار ہوچکے ہیں ۔