ویب ڈیسک: حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کے ریلیف سے محروم کر دیا، وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا دی۔
حکومتی فیصلے کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 79 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھ کر 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر تک کمی ممکن تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 31 جنوری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔