(سٹی42)پوری دنیا میں حالیہ چنددنوں سے واٹس ایپ پر پیغام رسانی کی معلومات غیر محفوظ ہونے کے بارے چہ مگوئیاں ہورہی ہیں ان حالات کو مدنظر رکھتے پاکستان نے صارفین کی بڑی مشکل حل کرنے کی ٹھان لی، پاکستان نے واٹس ایپ طرز کی اپنی سوشل میڈیا ایپلی کیشن تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق موجود سوشل میڈیا ایپ پر صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے اور پرسنل پیغام رسانی کی معلومات چوری ہونے کی خبریں زیرگردش ہیں،ایسی چہ مگوئیاں سن کر صارفین بھی پریشانی سے دوچار ہیں، واٹس ایپ کی نئی پالیسی کے خلاف سوشل میڈیا سائٹس پر صارفین اپنے غم و غصے اور تشویش کا اظہار کررہے ہیں اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور واٹس ایپ پر میمز بھی بنائی جارہی ہیں۔
پاکستان نے صارفین کی بڑی پریشانی دور کرنے کے لیے واٹس ایپ طرز کی اپنی سوشل میڈیا ایپلی کیشن تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہناتھا کہ واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا اپیلی کیشن’ سمارٹ آٖفس‘ تیار کی جارہی ہے۔ نئی ایپ تجربات کے مراحل سے گزر رہی ہے، پہلے مرحلے میں یہ سرکاری افسران و ملازمین سمارٹ آفس کی ایپ استعمال کریں گے، توقع ہے کہ جون 2021 تک ’سمارٹ آٖفس‘ کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کردیں گے تاہم یہ آزمائشی بنیادوں پر ہوگی۔وفاقی وزیر کا مزید کہناتھا کہ ایپلی کیشن کسی دوسرے نام سے عام پاکستانی صارفین کے لیے بھی لانچ کریں گے، نئی ایپ کا ڈیٹا، کمیونیکیشن اور ریکارڈ مکمل محفوظ ہوگا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لئے واٹس ایپ جیسی ایپ تیار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ حکومت واٹس ایپ کی اس پالیسی سے پوری طرح واقف ہے،تیار کی جانے والی واٹس ایپ پرصارفین کے رازداری پیغامات کی خلاف ورزی نہیں ہوگی، ان کا کہناتھا کہ فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کی نئی پالیسی کو صارفین نے قبول نہیں کیا، واٹس ایپ کو اپنی پالیسی کو اپ ڈیٹ کرنے سے پہلے صارفین سے رائے لینا چاہئے تھی اور کسی بھی کمپنی کو اپنے فیصلوں کو رکاوٹوں کے ذریعے اپنے صارفین پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں۔