(حسن علی) شہرمیں آٹےکی قلت کا سامنا، آٹے کے بیس کلو تھیلے پر تین روپے کی کمی کیا ہوئی آٹا مارکیٹ سےہی غائب ہو گیا جبکہ چکی مالکان نے بھی قیمت میں چار روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ شہرمیں آٹا وافرموجودہے، حکومت قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے۔
بیشتر علاقوں سے آٹا غائب جبکہ چکی پر آٹے کی قیمت میں چند روز قبل چار روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا جسکے بعد چکی کا آٹا 64 روپے فی کلو پر فروخت ہو رہا ہے۔ شہر میں آٹے کی قلت کے حوالے سے شہری پریشان نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا نہیں مل رہا ۔دوسری طرف آٹا چکی مالکان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت دو ہزار فی من سے تجاوز کر چکی ہے جسکے چکی کے آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا اور اب مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔
شہر میں آٹے کی قلت کے حوالے سے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ملوں کی طرف سے آٹے کی کوئی قلت پیدا نہیں کی گئی تاہم حکومت کے چند اعلی عہدیدار مصنوعی قلت پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرے کیونکہ اب آٹے سمیت دیگر اشیا بھی انکی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔