(فاران یامین/حسن خالد) باغوں کے شہر لاہور نے دھند کی سفید چادر اوڑھ لی،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔
شہر میں دھندنے سارے مناظر دھندلادیئے، دھند کے باعث موٹروے کو ایم تھری لاہور سے سمندری تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ، جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف میں دھندسے رن وے پر حد نگاہ 50میٹر تک رہ گئی جس کی وجہ سے فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا، شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے ، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہرمیں کم سےکم درجہ حرارت5 اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 97 فیصد ہے، لاہور میں آئندہ جوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔