ویب ڈیسک: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے گاڑی مالکان کے لیے اہم سہولت متعارف کراتے ہوئے شناختی کارڈ بیسڈ نمبر پلیٹس سے متعلق صوبائی موٹر وہیکل (ترمیمی) ایکٹ 2024 نافذ کر دیا ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب شہری اپنے قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ کے باضابطہ مالک ہوں گے اور اسے اپنی دوسری خریدی گئی گاڑی پر بھی منتقل کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنانا ہے۔
ترجمان ایکسائز کے مطابق قومی شناختی کارڈ پر مشتمل گاڑیوں کی دو نئی نمبر سیریز بھی جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے اس ترمیمی ایکٹ کی باقاعدہ توثیق کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے گاڑی مالکان کو سہولت ملے گی اور نمبر پلیٹس کی منتقلی کا عمل مزید آسان اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہو سکے گا۔