شہزاد خان ابدالی:رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر لاہور کے شہریوں کے لیے اہم ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن حافظ محمد عارف نے اعلان کیا ہے کہ شہر بھر میں 100 مقامات پر فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی، جہاں بنیادی اشیائے خوردونوش پر خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔
فیئر پرائس شاپس پر صارفین کو دالوں، آٹے، گھی، کوکنگ آئل سمیت دیگر ضروری اشیاء پر 10 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
حافظ محمد عارف کے مطابق تاجر برادری رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو سہولت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی کمپنیوں کو بھی خصوصی رعایت دینے کا پابند بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف مل سکے اور رمضان المبارک میں مہنگائی کا بوجھ کم ہو۔