اسامہ ملک: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں نقب زنی کی بڑی واردات پیش آئی، جہاں ملزمان نے معروف سنار کے گھر کی دیوار توڑ کر پرنس جیولرز میں داخل ہو کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور ہیرے لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان 606 تولہ (7,064 گرام) سونا اور 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے لے کر فرار ہوگئے۔ مقدمے کے متن میں مجموعی مالیت 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ واقعے کا مقدمہ متاثرہ سنار کی مدعیت میں تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آ گئی ہے، جس میں جیولری شاپ کی دیوار میں سوراخ دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ایک شخص اندر داخل ہوا اور اس نے سی سی ٹی وی کیمرے کو ڈھانپ دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر واردات کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔
دوسری جانب ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔