طاہرجمیل: ڈپٹی کمشنر نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز (اے سیز)، پیرا افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
اس حوالے سےلاہور بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں اور پولٹری شاپس کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ شہر کی مختلف مارکیٹوں میں انسپکشنز کے دوران گراں فروشی پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
موجودہ اقدامات کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
برائلر گوشت 5 روپے فی کلو سستا،آلو کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کمی جبکہ بھنڈی، گاجر، مونگرے اور ٹینڈے کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی اور پیاز، ٹماٹر، ادرک اور لہسن کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔
اسی طرح سیب، کینو اور انار کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھنےمیں آیا ہے۔
فارمی انڈے 240 روپے فی درجن پر برقرار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آفس کا کہنا ہے کہ شہری سرکاری نرخ نامے کے مطابق خریداری کریں اور گراں فروشی کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ڈپٹی کمشنر آفس شہریوں کی رہنمائی اور شکایات کے اندراج کے لیے دستیاب ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔