وقاص احمد: شاہدرہ پولیس نے اسلحہ کے زور پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم ذیشان عرف گپو نے شہری کو ہراساں کرنے کے لیے اسلحہ دکھایا اور تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیا، جس پر ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔
ایس پی سٹی کی قیادت میں اے ایس پی شاہدرہ عثمان عزیز میر اور ایس ایچ او شاہدرہ اسد عباس کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا۔
ملزم ذیشان عرف گپو متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے، جن میں اقدام قتل، ڈکیتی اور دہشت گردی شامل ہیں۔ ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم کا مقصد علاقے میں بدمعاشی کلچر کو فروغ دینا اور معصوم شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی نے بروقت کارروائی پر اے ایس پی شاہدرہ، ایس ایچ او شاہدرہ اور پوری ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔