پی ڈی ایم لانگ مارچ، مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو اہم ٹاسک دیدیا

پی ڈی ایم لانگ مارچ، مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو اہم ٹاسک دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ماڈل ٹاؤن (عمراسلم، علی اکبر) پی ڈی ایم کا حکومت مخالف تحریک کا پہلا مرحلہ ختم ، مسلم لیگ( ن) کا حکومت مخالف احتجاجی تحریک لانگ مارچ تک جاری رکھنے کا فیصلہ، مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو پارٹی کارکنوں کو لانگ مارچ سے پہلے فعال کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی زیرصدارت (ن) لیگ رہنماؤں کا اہم اجلاس جاتی امرا میں ہوا، جس میں پرویز رشید، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، ایازصادق اور خواجہ آصف بھی شریک ہوئے، اجلاس میں لانگ مارچ سے قبل عوامی رابطہ مہم شروع کرنے پر مشاورت کی گئی۔

 ذرائع کے مطابق مریم نواز پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی، اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف آپشنز پرغور کیا گیا، جس میں ریلیاں، جلسے، احتجاج اور دیگر آپشنز پر مشاورت کی گئی، مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو پارٹی کارکنوں کو لانگ مارچ سے پہلے فعال کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔

 ذرائع کے مطابق مریم نواز بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، ملتان، لیہ، ڈیرہ غازی خاں، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، سرگودھا اور قصور سمیت دیگر شہروں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی۔ (ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ذرائع( ن) لیگ کے مطابق پارٹی نے ہدایت کی ہے کہ لانگ مارچ تک پارٹی احتجاجی تحریک اور عوامی رابطہ مہم جاری رکھے گی، قیادت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے ڈویژنل قائدین اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کی تیاری کریں، پارٹی عہدیداران کو احتجاجی مظاہروں کا شیڈول مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب حکومت کو لانگ مارچ سے قبل بھی ٹف ٹائم دیتی رہے گی۔

 

 

Sughra Afzal

Content Writer