(اسرار خان) بستی سیدن شاہ کے قریب 30 سالہ خاتون نے ریل گاڑی کے نیچے آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ادھر آتشزدگی کے مختلف واقعات میں 45 سالہ شہری بری طرح سے جھلس گیا جبکہ بھاری مالیت کا سامان بھی جل گیا ۔
پولیس کے مطابق بستی سیدن شاہ کے قریب 30 سالہ شگفتہ نے چلتی ریل گاڑی کے نیچے آ کر اپنی جان دے دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ ادھر شادباغ کے علاقہ اکرم پارک میں پٹرول ایجنسی اور چکن کی دکان میں لگنے والی آگ کی زد میں آ کر 45 سالہ آصف بری طرح سے جھلس گیا۔
متاثرہ شہری کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آتشزدگی کا دوسرا واقعہ امیر چوک ٹاؤن شپ میں پیش آیا جہاں ایل پی جی گیس ریفلنگ کی دکان میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان جل گیا ۔
واضح رہے کہ لاہور میں حالات اس قدر حساس ہوچکے ہیں کہ لرزہ خیز وارداتوں کا ہونا معمول بن چکا ہے، سگے بہن، بھائی اور عزیز واقارب ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوچکے ہیں،شہر میں قتل وغارت اور مختلف جرائم میں اضافہ معمول بن چکا ہے اور پولیس ایسے عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچانے کے لئے سرگرم ہے۔ ایسے لزرہ خیزواقعات میں کئی گھر اجڑ چکے ہیں۔