ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

رضاکاروں کی بہادری پر  وفاقی حکومت کا 20 لاکھ روپے انعام

رضاکاروں کی بہادری پر  وفاقی حکومت کا 20 لاکھ روپے انعام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حاشر احسن:حالیہ سوات سیلاب میں بہادری اور بے لوث خدمت کا مظاہرہ کرنے والے رضاکاروں محمد ہلال اور عصمت علی کی خدمات کا وفاقی حکومت نے باضابطہ اعتراف کر لیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے دونوں نوجوانوں کو 10،10 لاکھ روپے کے چیک پیش کیے۔ یہ انعام ان کی بروقت امدادی کارروائیوں اور قیمتی انسانی جانیں بچانے پر دیا گیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ محمد ہلال اور عصمت علی نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر جو کارنامہ سرانجام دیا، وہ انسانیت اور حب الوطنی کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد ہماری قومی طاقت، اتحاد اور ہمدردی کی علامت ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر محمد علی شاہ بھی موجود تھے۔
دونوں رضاکاروں نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی ہر موقع پر قوم کی خدمت کے لیے پیش پیش رہیں گے۔

یاد رہے کہ سیلاب کے دوران محمد ہلال اور عصمت علی نے اپنی مدد آپ کے تحت کئی جانیں بچائیں، جن کی ویڈیوز اور تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور عوامی سطح پر سراہا گیا۔