ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ سےدریاؤں میں سیلابی صورتحال، انتظامیہ ہائی الرٹ

پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ سےدریاؤں میں سیلابی صورتحال، انتظامیہ ہائی الرٹ
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال سنگین ہو رہی ہے، ستلج اور جناح بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ  کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔

 ہری پور میں تربیلا ڈیم میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا، پانی کی آمد 4 لاکھ 5 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 70 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، ڈیم میں پانی کی سطح 1547.96 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ فل لیول 1550 فٹ ہے۔

سپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث تربیلا ٹی فائیو پراجیکٹ پر کام بند کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

ادھر قصور میں دریائے ستلج کے کنارے ولے والا گاؤں کا حفاظتی بند مختلف مقامات سے ٹوٹ گیا، پانی گاؤں کے راستوں اور کھیتوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث مقامی افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 19.30 فٹ جبکہ بہاؤ 66 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کالاباغ میں جناح بیراج کے مقام پر بھی دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور درمیانے درجے کی سیلابی کیفیت ہے۔