شاہد سپرا: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نظام پر بڑھتے دباؤ کے باعث شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش 6 گھنٹے تک جا پہنچی ہے، جبکہ مضافاتی اور سرحدی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور رات کے اوقات میں طلب 3600 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
تاہم این پی سی سی کی جانب سے صرف 2500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث لیسکو کو تقریباً 1200 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق دوپہر کے بعد بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے تاکہ سسٹم کو متوازن رکھا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق طلب و رسد کے اس فرق کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔