( زاہد چوہدری ) اچھرہ کا رہائشی 55 سالہ شہری میو ہسپتال میں دم توڑ گیا، 55 سالہ شہری پھیپھڑوں کےعارضے میں مبتلا تھا،،ادھر کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھنے لگی۔
چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے دنیا کے 210 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مہلک وائرس ایک لاکھ افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔
اچھرہ کا رہائشی 55 سالہ شہری پھیپھڑوں کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث 2 روز قبل میو ہسپتال میں داخل ہوا۔ اس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو پازیٹو آیا، حالت تشویشناک ہونے پر مریض کو آئی سی یو میں زیر علاج رکھا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 216 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 3232 ہوگئی، لاہور میں 522 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 143 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کورونا کے نئے مریضوں میں پی آئی سی کے 5 ڈاکٹرز اور 7 نرسز بھی شامل ہیں۔ 701زائرین سنٹرز،1236رائیونڈ سے منسلک افراد ، 91قیدیوں،1204 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رائیونڈ مرکز میں 577تبلیغی ارکان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،اب تک لاہور میں کورونا سے 15، پنجاب میں 34 اموات ہوئی ہیں جبکہ 550 افراد نے کورونا کو مات دیدی ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کردی ہے۔