( عابد چوہدری ) زندگی ہے تو سب کچھ ہے لیکن تیز رفتاری اور آئے روز ٹریفک حادثات میں اضافے سے ایسے معلوم ہوتا ہے کے شہریوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بدلتے دور نے جہاں ہمیں بے شمار ایجادات کے حیرت انگیز نظارے دکھائے وہیں ہمیں سفر طے کرنے کے لئے جدید سواریوں جہاز، ٹرین، بس، کار اور موٹر سائیکل وغیرہ کا بھی تحفہ دیا جو کہ یقیناً ہمارے لیے بہت مُفید ہے کہ ان جدید سواریوں کے ذریعے سے ہم دِنوں کے سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کے سفر منٹوں میں طے کرلیتے ہیں، مگر افسوس تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے سبب آئے دن لوگ حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔
چند خوش قسمت لوگوں کو چھوڑ کر ان حادثات کا شکار ہونے والے افراد زخمی ہوکر عمر بھر کی معذوری حتی کہ بعض تو موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔
طالب علم نے خالی سڑک پر کار کے کرتب دکھاتے شہری کو کچل دیا۔ پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں کار سوار طالب علم سڑک پر رش نہ ہونے کے باعث کرتب دکھارہا تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار نوجوان کار کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
کار سوار نے بھاگنے کی کوشش کی مگر شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔