اویس کیانی :وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی راولپنڈی میں شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے گھر آمد، شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ، فیملی اور بچوں سے ملاقات کی، دونوں نےسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ اور اہل خانہ کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا حوصلہ اور بڑھ گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہیدوں کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور سرمایۂ افتخار ہیں، قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو شہادت کی بڑی سعادت نصیب ہوئی۔ جنید نے ملک کا پرچم بلند کیا۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ نے عزم کا اظہار کیا کہ وطن کی حفاظت کیلئے ان کے دونوں پوتے بھی پاک فوج میں شامل ہوں گے۔
محسن نقوی اور طلال چوہدری نے شہید کے اخروی زندگی میں درجات کی بلندی اور شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
لیفٹیننٹ کرنل جنید اورکزئی میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے تھے۔