سٹی42: ملائیشیا میں فلو (انفلوئنزا) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں تقریباً 6 ہزار طلبہ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، وائرس کے باعث کچھ سکولوں کو طلبہ اور عملے کی حفاظت کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
وزارتِ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل محفوظ اعظم احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں متعدی بیماریوں سے نمٹنے کا وسیع تجربہ ہے، خاص طور پر کووِڈ-19 وبا کے دوران ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ہدایات میں ماسک کا استعمال، صفائی کا خاص خیال رکھنے اور طلبہ کے بڑے اجتماعات کو محدود کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔اگرچہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ طلبہ ملک کے مختلف علاقوں میں پائے گئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک بھر میں 97 انفلوئنزا کلسٹرز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس سے پچھلے ہفتے یہ تعداد صرف 14 تھی۔ زیادہ تر کیسز سکولوں اور نرسریوں میں سامنے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ ’فلو کلسٹر‘ سے مراد وہ صورتِ حال ہے جب کسی ایک جگہ، جیسے سکول، دفتر یا نرسری میں ایک ہی وقت میں کئی افراد فلو سے متاثر ہو جائیں۔