(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ نے ملاقات کی، اس ملاقات میں فلم اورڈرامہ انڈسٹری کے بحالی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا.
اس موقعے پراسلامی تاریخ پرمبنی فیچرفلمزاورڈرامے مقامی سطح پربنانے پرغورکیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نوجوانوں کی مثبت اور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھانے پربھی زوردیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اقتدارسنبھالنے کے پہلے دن ہی کہا تھا کہ لوٹ مارکرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے، کچھ بھی ہو جائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔ یہ جلسے کریں یا دھرنے دیں انہیں این آراونہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، رواں ہفتے ٹائیگر فورس کے کنونشن میں نوجوانواں سے خطاب کریں گے.
بعدازاں حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خود ہی عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گی، عوام کو معلوم ہے کہ ساری جماعتیں اپنے مفادات کے لیے اکٹھی ہوئیں ہیں۔ ہم نے اپنی پوری توجہ مہنگائی میں کمی اور معیشت کی بہتری پر مرکوز کر دی ہے، جلد صورتحال بہتر ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، گندم اور چینی کی درآمد سے صورت حال بہتر ہوگی، مقامی سطح پر اشیائے خردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے ہم نے مخلصانہ پیشکش کی لیکن اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے ثبوت ہی پیش نہیں کیے گئے، شریف خاندان نے پنجاب حکومت کا خزانہ ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا۔