سٹی42: گرین شرٹس آج روایتی حریف کو کرکٹ سکھانے کے لئے میدان میں آئیں گے۔ پاکستان بھارت کے اس کرکٹ میچ میں حال ہی میں ورلڈ ریکارڈ بنانے میں کامیابی حاصل کرنے والی گرین شرٹس فیوریٹ ہیں۔
بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ میں آج اتوار کے روز کرکٹ کے دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ ویمن ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل آ رہی ہیں اور آج کے میچ میں گرین شرٹس کی جیت یقینی ہے۔۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان نرما رفیق نے بھارت کی ویمن ٹیم کے ساتھ میچ میں بہتر نتائج پیش کرنے کی توقع ظاہرکی۔ نِرما رفیق نے کہا، " افتتاحی میچ میں میزبان سری لنکا کے ساتھ میچ میں 221 رنز کی شاندار فتح نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کر دیئے ہیں اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔"

بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ کے کولمبو میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان کی بلائنڈ ویمنز نے میزبان ٹیم کےساتھ میچ ایسے کھیلا کہ اوپنرز نے ہی 331 رنز بنا ڈالے۔
آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ آل راونڈر مہرین علی نے صرف 78 گیندوں سے230 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ واپس آئیں۔

مہرین علی نے اس میچ میں بہترین سکور کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ اس ریکارڈ کو توڑنا دوسری کھلاڑیوں کے لئے طویل عرصہ تک خواب رہے گا۔
گرین شرٹس بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ 18 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلیں گی۔ اگلے روز چوتھے میچ میں قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا آسٹریلیا سے میچ ہوگا جبکہ 20 نومبر کو پاکستان اور امریکہ کی بلائنڈ ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔
ویمن ورلڈ کپ؛ گرین شرٹس ٹرافی گھر لانے کے لئے پرعزم
مردوں اور عورتوں کی نارمل ٹیمیں کرکٹ کے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ لانے میں کامیاب نہین ہوئیں لیکن غیر معمولی انرجی سے بھری بلائنڈ گرین شرٹس پہلا بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ گھر لانے کے لئے پر عزم ہیں۔ آج اتوار کے روز گرین شرٹس کا روایتی حریف بلیو شرٹس کے ساتھ میچ اس عزم کی دوسری آزمائش ہو گا۔ پہلی آزمائش میں تو انہوں نے دو ورلڈ ریکارڈ بنائے، آج دیکھنا ہے کہ گرین شرٹس "چھ صفر" والے میچ کی لیگیسی کر برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں۔