سٹی 42 : پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی پر مبینہ سائبر حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق BEAST نامی ہیکر گروپ نے ایجنسی کا تقریباً 900GB ڈیٹا ہیک کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ غیر ملکی ویب سائٹ پر PFSA کے مبینہ ڈیٹا بریچ کی تفصیلات بھی پوسٹ کی گئیں۔
ہیکر کے مطابق 10 نومبر 2025 کو فرانزک ایجنسی کا سسٹم متاثر کیا گیا اور ایجنسی کی سرکاری ڈومین کو بطور متاثرہ ادارہ ظاہر کیا گیا، ساتھ ہی فرانزک رپورٹس، ڈیپارٹمنٹ فائلز اور حساس ریکارڈ تک غیر مجاز رسائی کا دعویٰ بھی سامنے آیا۔
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی اور فرانزک ایجنسی نے غیر ملکی سائبر اٹیک کو بروقت اور موثر انداز میں ناکام بنایا۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین پی آئی ٹی بی کی سربراہی میں ٹیموں نے ڈیٹا انکرپشن اٹیک کو روکنے میں کامیابی حاصل کی اور ایجنسی کا تمام ریکارڈ، رپورٹس اور سسٹم محفوظ ہیں۔
فرانزک ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے پیشگی پلان موجود تھا اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات 100 فیصد بروقت اٹھائے گئے۔