ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"خیبر پختونخوا میں دہشتگردی "خود ساختہ" ہے"

Suhail Afridi, Terrorism in KPK, Counter terrorism, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:   خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے پاکستان پر وہ الزام بھی لگا دیا جو پاکستان کا ازلی دشمن تک نہیں لگاتا۔   وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے حامیوں کے بڑے اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا، "خیبر پختونخوا میں دہشتگردی "خود ساختہ" ہے".

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے یہ الزام لوئر دیر میں ایک پہلے سے جاری پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے لئے منعقد کئے گئے  پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہی۔ سہیل آفریدی کی تقریر کی دستیاب ہو سکنے والی رپورٹوں میں اس جملے کی کوئی وضاحت موجود نہیں۔

سہیل آفریدی کو پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں قید کی سزا کاٹ رہے بانی نے گزشتہ وزیراعلیٰ امین گنڈاپور سے استعفیٰ دلوا کر وزیراعلیٰ بنوایا تھا تو اس موقع پر تواتر کے ساتھ یہ بتایا جاتا رہا کہ بانی چاہتے ہیں کہ سہیل آفریدی کے پی کے میں خوارجی دہشتگردوں کے ساتھ جاری جنگ کو بند کروا کے دہشتگردوں کےساتھ مذاکرات کریں۔ سہیل آفریدی نے یہ بات کئی بار کہی اور گزشتہ روز بھی انہوں نے دہشتگردی کے مقابلہ کے لئے وفاقی فورسز کو طلب کرنے کے قانون کی مخالفت میں بیان دیا۔ 

سہیل آفریدی نے اس تقریر میں پاکستان کی حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی اور یہ دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو اس کے حصہ کے وسائل نہیں دے رہی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی خودساختہ شروع کی گئی ہے۔  وفاق ہمارے 3 ہزار ارب روپے بھی نہیں دے رہا ہے۔

لوئردیر میں 41 میگاواٹ کوٹو ہائیڈیل پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سستی بجلی  پیدا کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کے لیئے غیر ملکی انجینئیرز کو این او سی نہیں مل رہے ہیں، جس کی وجہ سے صوبے کو مشکلات کا سامنا ہے، صوبے میں دہشت گردی خود ساختہ شروع کی گئی ہے، اس وجہ سے صوبے کی معیشت ترقی نہیں کر رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو تجربہ گاہ بنا دیاگیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا،  وفاق ہمارے 3ہزار ارب روپے نہیں دے رہا ۔ اگر وفاق نے ہمارے بقایا جات کی ادائیگی کی تو صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 21.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔

 وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے 1.5 ارب روپے کی لاگت سے 18.5 کلومیٹر تورمنگ رازگرام روڈ کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت پن بجلی وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صاف اور سستی توانائی کے یہ منصوبے روزگار کے فروغ اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، صوبے کی پہلی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھائی جا رہی ہے جو 11 ہائیڈرو منصوبوں کی بجلی کی ترسیل ممکن بنائے گی۔ مقامی پاور ہاؤسز سے پیدا ہونے والی بجلی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی، صوبائی حکومت اپنے پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی انجینیئرز کے خیبر پختونخوا دورے کے لیے این او سی جاری نہیں ہو رہی۔  این او سی میں تاخیر کے باعث  اہم منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں اور یہ نقصان صرف خیبر پختونخوا کا نہیں بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے۔