ملک اشرف : پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کی نااہلی کے خلاف اور پی پی-98 فیصل آباد میں ضمنی انتخاب رکوانے سے متعلق درخواستوں میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیتے ہوئے متعلقہ کاز لسٹ بھی جاری کردی ہے۔
کیس کی سماعت 17 نومبر کو ہوگی، جس کی سربراہی جسٹس چوہدری محمد اقبال کریں گے۔ اس سے قبل جسٹس خالد اسحاق نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کی تھی اور فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی تھی، جس کے بعد نیا بینچ تشکیل دیا گیا۔درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے سانحہ 9 مئی کے مقدمے میں جنید افضل ساہی کو سزا سنائی، جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیا۔،درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سزا یافتہ ہونے کے بعد بغیر سنے جنید افضل ساہی کو نااہل قرار دیا، جبکہ قانون کے مطابق متعلقہ فرد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا حق حاصل ہوتا ہے۔ اسی بنا پر الیکشن کمیشن کے نااہلی کے نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نااہلی سے متعلق حتمی عدالتی فیصلے کا انتظار کیے بغیر الیکشن کمیشن نے پی پی-98 فیصل آباد میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا، جو کہ قبل از وقت اور غیر قانونی اقدام ہے۔الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں ضمنی انتخاب کا شیڈول پہلے ہی جاری کر رکھا ہے، جسے درخواست گزار نے چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بغیر قانونی وضاحت اور حتمی فیصلے کے انتخابات کا اعلان کرنا آئین اور انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا جنید افضل ساہی کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ، مزید استدعا کی گئی ہے کہ پی پی-98 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول کالعدم قرار دیا جائےاور ضمنی انتخاب کے انعقاد کو روکا جائے۔
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App